19 فروری ، 2014
پشاور…طالبان مذاکراتی ٹیم کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ 17فروری کو جنگ بندی کا اعلان کرنے جارہے تھے کہ چند حادثے ہوئے جس سے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا۔ وہ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ17فروری کو کامیابی کی دہلیز پر تھے کہ حادثہ ہوا ،جس سے مذاکراتی عمل میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی کی جانب سے ڈیڈلاک پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،جب بیٹھیں گے تو مسائل حل ہوں گے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان کمیٹی امن قائم کرکے رہے گی جس کیلئے حکومتی کمیٹی کا انتظار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو حکومت آپریشن کرے گی، جس سے نقصان ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان قیادت مولانا سمیع الحق سے مشاورت کے بعد بیان جاری کر تی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ جو لوگ قبائل کے نام پر سیاست کر رہے تھے، ان کو کمیٹی میں شرکت کرنی چاہیے تھی۔ مولانایوسف شاہ نے کہا کہ تمام افراد کو مل کر مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہناتھا کہ حکومتی کمیٹی کے اراکین سے انفرادی طور پر بات کی جبکہ چوہدری نثار نے بھی رابطہ کیا وہ بھی بات چیت چاہتے ہیں۔