19 فروری ، 2014
لاہور…جیونیوز نے جوہر ٹاوٴن لاہورمیں 8افراد کی ہلاکت کی ابتدائی فرانزک رپورٹ حاصل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق مقتولین کے بھائی نذیر کے کپڑوں پر پائے گئے خون کے دھبے باقی 7مقتولین کے خون سے میچ کرگئے ہیں۔ جوہر ٹاوٴن میں منگل کے روز ایک ہی خاندان کی 8ہلاکتوں کے لرزہ خیز واقعے کی تفتیش میں مزید پیشرفت سامنے آئی ہے۔فرانزک لیب کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولین کے بھائی نذیرکے کپڑوں پرخون کے دھبے باقی 7مقتولین کے خون سے میچ کرگئے۔ جائے وقوع سے ملنے والے ہتھوڑے کا دستہ لکڑی کا تھا جس کی وجہ سے اس پر سے کوئی فنگر پرنٹس نہیں ملے۔ رپورٹ کے مطابق لاشوں کے قریب ملنے والا پاوٴڈر نذیرکے پاوٴں پر بھی لگا ہواہے۔ نذیر کی موت زائد مقدار میں نشہ آور گولیاں کھانے سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق جوہرٹاوٴن کا واقعہ ڈکیتی کی واردات نہیں، لاشوں کے پاس پونے دو لاکھ روپے مالیت کے موبائل اور 19تولے زیور پڑا ملا۔ ان میں سے کوئی چیز بھی ادھر ادھر نہیں ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 8افراد کی ہلاکت کا معمہ حل کرنے کے لیے مختلف شواہد اکی روشنی میں مزید تفتیش جاری ہے۔ اس سے قبل ہلاک ہونے والے آٹھوں افراد کو گوجرانوالہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ لوگوں کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔