19 فروری ، 2014
کراچی…گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اتفاق کیا گیا کہ پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کراچی سمیت سندھ کے مفاد میں اپنا اشتراک جاری رکھیں گی۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی ملاقات میں کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن پرایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے پر اتفاق کیا گیااور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم سندھ کے مفاد میں اشتراک عمل جاری رکھیں گی۔ گورنر سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی اورسیاسی صورت حال، ترقیاتی کاموں اور ٹارگٹڈ آپریشن پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھنے کا اظہارکیا گیا اور اس حوالے سے درپیش مسائل او ر خاص طور پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظا ت کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے امیدظاہر کی کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ صوبے اور شہر کے مفاد میں اشتراک عمل جاری رکھیں گی۔