19 فروری ، 2014
کراچی…کراچی میں کل سے بچوں کے تین روزہ ادبی میلے کا آغاز ہورہا ہے۔ بچے کریں گے خوب ہلہ گلہ اور موج مستی کے ساتھ سیکھنے اور سمجھنے کی مشقیں۔ کیونکہ آرٹس کونسل کراچی میں کل سے شروع ہورہا ہے بچوں کا رنگا رنگ ادبی میلہ، جس میں طلبہ اور اساتذہ کی تعلیم و تربیت اور تفریح کے لیے صبح 9سے شام5بجے تک منعقد ہوں گے مختلف دلچسپ سیشنز۔ منتظمین کے مطابق 20سے 22فروری تک جاری رہنے والے ادبی میلے میں بچوں کی فکری تربیت کے ساتھ اساتذہ میں سیکھانے کا معیار بہتر بنانے اوربچوں کو سمجھانے میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے طریقے بتائے جائیں گے۔ چلڈرن لٹریچر فیسٹیول میں بچوں کو کھیل ہی کھیل میں بہت کچھ سیکھانے کے لیے تھیٹر، میوزک، مشاعرہ، اسٹوری ٹیلنگ، میجیکل پاکستان، میرا کراچی موبائل سینما، تصویری کہانیاں، کتابوں کی رونمائی، ریڈنگ اور رائٹنگ، بحث و مباحثہ، پپٹ شو اور مختلف تعلیمی و تفریحی سیشن ہوں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ادبی فیسٹیول میں بچوں کو پاکستان اور اپنی ثقافت سے روشناس کرانے پر خصوصی تو جہ دی جا ئے گی۔