پاکستان
25 فروری ، 2014

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دلچسپ صورتِ حال

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دلچسپ صورتِ حال

اسلام آباد…وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیش آئی جب نئی داخلی سلامتی پالیسی کا مسودہ وفاقی وزراء کومحض دیکھنے کے لیے پیش کیا گیا، جیسے ہی پالیسی کی منظوری ہوئی مسودے کی کاپیاں واپس اٹھالی گئیں اور وزراء دیکھتے رہ گئے۔ سرکاری ذرائع نے جیونیوزکوبتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنئی داخلی سلامتی پالیسی پر بریفنگ دینے لگے تو تمام کابینہ ارکان کو مسودہ ان کی نشستوں پر فراہم کیا گیا، تاہم جیسے ہی پالیسی کی منظوری ہوئی تو مسودے کی کاپیاں وزراء کی میز سے اٹھالی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ایک وزیر نے مسودہ پڑھنے کی خاطر رکھنے کی خواہش ظاہر کی تو انہیں بتایاگیاکہ پریشان نہ ہوں، وفاقی وزیرداخلہ کل (بدھ کو) خود قومی اسمبلی میں پالیسی کی تفصیلات بیان کردیں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں وزیراعظم نے بعض وزراء کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور بیان بازی میں بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارتوں میں اعلیٰ افسران کا تقرر اور ترقی صرف سینیارٹی ہی نہیں بلکہ کارکردگی اور بہترتجربہ کی بنیاد پر بھی کی جائیں تاکہ گڈگورننس کا خواب پورا ہوسکے۔

مزید خبریں :