21 جنوری ، 2012
راولپنڈی … انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں دو گواہوں پر جرح مکمل ہونے پر سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج شاہد رفیق نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کے ملزمان کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کیا۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے کے فرانزک ماہر نعمان اشرف اور پی ٹی سی ایل کے ڈائریکٹر فیروز عالم پر جرح مکمل کرلی گئی۔ مقدے کی سماعت ملتوی ہونے کے بعد ایف آئی اے کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اس اہم مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جا سکتی ہے۔ ٹرائل کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ اسی عدالت نے مفرور اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کے خلاف درخواست پر وکیل کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت23 جنوری تک ملتوی کردی۔