08 مارچ ، 2014
ڈھاکا… کون بنے گا ایشین کرکٹ کی سپرپاور ؟فیصلے کی گھڑی آ پہنچی ہے اور اس فیصلے کے پہلے مرحلے میں ٹاس ُاکستانی کپتان نے جیت لیا ہے اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے،پاکستانی شائقین کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ شاہد خان آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے اور صحت یابی کے بعد آج کی حتمی ٹیم میں شامل ہیں ،عمر گل اور احمد شہزاد نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے،بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں ،عبدالرحمان کی جگہ جنید خان اور شرجیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ایشیا کپ کے اس فائنل سے پہلے مجموعی طور پرمقابلوں کے اعداد و شمار میں توپاکستان کا پلہ بھاری رہا ہے ،یعنی ایک سو اڑتیس ون ڈے میچز میں سے پاکستان نے80میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا نے53میچز میں پاکستان کو شکست کا مزہ چکھایا لیکن ایشیا کپ کے مقابلوں میں سری لنکا کا پلہ بھاری رہا ہے، کل تیرہ مقابلوں میں پاکستان صرف چار مرتبہ کامیاب ہو سکا ہے جبکہ نو مرتبہ سری لنکن ٹیم نے کامیابی سمیٹی ۔میزبا ن ملک بنگلہ دیش میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین5مقابلے ہو چکے ہیں جن میں تین پاکستان نے جیتے اور دو سری لنکا نے۔آج کے معرکے میں قسمت کی دیوی کس پر مہربان ہو تی ہے اس کا فیصلہ تو میچ کے بعد ہی ہو گا تاہم ایشیا کپ کے اس فائنل میں دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کی توقع ہے۔