08 مارچ ، 2014
ڈھاکا…سری لنکانے 5وکٹ سے پاکستان کو ہرا کر بارہواں ایشیا کپ اپنے نام کرلیا۔ سری لنکا کے لاستھ ملنگا مین آف دی میچ جبکہ تھری مانے مین آف دی سیریزقرار پائے۔سری لنکا یہ ٹائٹل پانچویں بار جیتنے میں کامیاب ہوا ہے جس میں وہ دو مرتبہ پاکستان کو شکست دے چکا ہے۔سری لنکا نے 261رنز کا ہدف46.2اوورز میں حاصل کرلیا۔سری لنکن کھلاڑی تھری مانے نے101 اور جے وردھنے نے 75رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے اسپنر سعید اجمل نے 3وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پاکستان نے فواد عالم کی سنچری کی بدولت سری لنکا کو میچ میں فتح کیلئے261رنز کا ہدف دیاتھا۔ فائنل میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس تو جیت لیالیکن ابتدائی بیٹسمین اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ اوپنر شرجیل خان پہلے ہی اوور میں 8رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے۔احمد شہزاد بھی 5کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔تیسری وکٹ محمد حفیظ کی گری وہ تین رنز ہی بنا سکے۔ 18رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد مصباح الحق اور فواد عالم نے ٹیم کوسنبھالا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کیلئے 122رنز کا اضافہ کیا۔ مصباح 65رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، ان کے بعد فواد عالم نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر سنچری پارٹنر شپ کی۔ عمر اکمل نے 42گیندوں پر 59رنز کی اننگ کھیلی جبکہ فواد عالم 114رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگ میں8چوکے اور3چھکے شامل تھے۔ شاہد آفریدی میدان میں آئے،تاہم کھیلنے کے لیے انہیں کوئی گیند نہیں ملی۔ سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے آج بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹورنامنٹ میں دوسری مرتبہ 5وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا۔ اس سے قبل پچھلے تین فائنلز میں سے دو میں کامیاب ہوکر ایشیا کپ جیت چکا ہے۔2000ء میں سری لنکا کو اور 2012ء میں بنگلادیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے، جبکہ 1986ء اور اب 2014ء میں فائنل میں سری لنکا سے شکست کھائی۔