04 اپریل ، 2012
اسلام آباد…میموگیٹ کے مبینہ کردار ، سابق سفیر حسین حقانی نے تحقیقاتی کمیشن کے روبرو کل اسلام آباد میں پیش ہونے سے طبی بنیاد پر معذرت کرلی ہے ،حسین حقانی کو بیان قلم بند کرانے کیلئے میموگیٹ کے تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہونا ہے، حسین حقانی کی طرف سے میموکمیشن کو بھیجی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عارضہ قلب کے علاج کیلئے ان کا امریکا کے اسپتال میں علاج کرانا ضروری ہے اس لئے وہ کمیشن کے سامنے اسلام آباد میں حاضر نہیں ہوسکتے، درخواست میں کہاگیاہے کہ حسین حقانی نے ویڈیولنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی ایک درخواست سپریم کورٹ کو پیش کررکھی ہے ، کمیشن کو اس کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے، سپریم کورٹ نے حسین حقانی کے بیرون ملک جانے پر پابندی ختم کی تھی تو یہ انڈر ٹیکنگ لی گئی تھی کہ وہ چار دن کے نوٹس پر واپس آنے کے پابند ہوں گے، میموکمیشن نے انہیں طلبی کیلئے پندرہ دن پہلے نوٹس دیا تھا ۔