پاکستان
12 مارچ ، 2014

لاہور:نرسوں کا دھرنا رات کو بھی جاری

لاہور:نرسوں کا دھرنا رات کو بھی جاری

لاہور…لاہور میں پنجاب بھر کی نرسوں کا اپنے مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے،مشیر صحت سے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے،ڈی جی ہیلتھ نے جائز مطالبات پورے کرنے کی کی یقین دہانی کرائی تاہم نرسوں کا اصرار ہے کہ اس کا عملی ثبوت دیا جائے۔پنجاب بھر کی نرسوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کے لیے ایوان وزیر اعلیٰ جانے کی کوشش کی تو پولیس نے روک دیا۔ تاہم مظاہرین نے ایجرٹن روڈ پر دھرنا دے دیا۔پولیس نے دھرنے کی جگہ پر بیریئر اور خار دار تاریں لگا دیں جس سے ٹریفک بری طرح جام ہوگئی ۔تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے بھی نرسوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یوتھ فیسٹیول کے بجائے نرسوں کا مسئلہ حل کرنا چاہیے تھا۔دھرنے کے دوران ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں اور نرسوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔نرسوں کی ریلی نے پنجاب اسمبلی جانے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس کی بھاری نفری نے ان کی یہ کوشش بھی ناکام بنا دی۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز نرسوں سے مذاکرات کے لئے دھرنے کی جگہ پہنچے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے فنانس ڈپارٹمنٹ کو سمری بھجوا دی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد نرسوں کی پروموشن کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔نرسوں کا موقف ہے کہ مطالبات کی منظوری عملی طور پر نظر آئے گی تو دھرنا چھوڑیں گے۔

مزید خبریں :