12 مارچ ، 2014
کراچی…امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ لیاری میں قتل عام نے ٹارگٹڈ آپریشن کی قلعی کھول کردکھ دی،ایک دن میں ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کی ہلاکت لمحہ فکریہ ہے،لیاری میں قتل عام، ماورائے عدالت قتل کے واقعات ،ٹرانسپورٹ کے مسائل اوربد امنی نے کراچی کو برباد کردیاہے۔ یہ بات امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الر حمان نے بدھ کے روز ادارہٴ نورحق میں الیکٹرونک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں جرائم پیشہ عناصر کے مابین تصادم میں خواتین اور بچیوں سمیت ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کی ہلاکتوں نے نام نہاد ٹارگٹڈ آپریشن کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، آئے روز رینجرز پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے کارروائیوں، بڑی تعداد میں گرفتاریوں اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کے باوجود لیاری میں ہونے والے خونریز تصادم، بھاری اسلحے کا آزادانہ استعمال اور عوام کی ہلاکت سیکورٹی اداروں کی بدترین ناکامی کا ثبوت ہے۔