12 مارچ ، 2014
اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے وزیراعظم اور چوہدری نثار کی مذاکرات کے مثبت موٴقف کی بار بارتعریف کی، وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کے جوتے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو یہ جوتے طالبان نے دیے ہیں۔جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ مذاکرات کے حامی ہونے پرلوگ آئی کے کی بجائے ٹی کے کہناشروع ہوگئے ہیں۔ملاقات میں وزیراعظم نے دورہٴ تھر اور وہاں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے اقدامات پر گفتگو بھی کی۔عمران خان نے کہا کہ آپ نے تھر کا دورہ بروقت کیا جو عوام کے لیے اطمینان کا باعث بنا۔ عمران خان نے وزیر اعظم سے بنی گالا پارک پر قبضے کی شکایت کی جس پر وزیراعظم نے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن فواد کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔