13 مارچ ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے لیاری میں بم حملوں کے بعد رینجرز کی کارروائی میں 9 ملزم ہلاک ہوگئے ، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے 56 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔جھٹ پٹ مارکیٹ اور گل محمد لین میں فائرنگ، دستی بم اور راکٹوں کے حملوں میں 5خواتین، 2 طالبات اور 2 معصوم بچوں سمیت 15افراد کی جانیں ضائع ہوگئیں۔ادھر ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 9 ملزم مارے گئے، ہلاک ہونے والے ملزموں کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے ہے جن کے قبضے سے 3ایس ایم جیز، ایک لانچر گرنیڈ، 3پستول، 8 دستی بم اور مختلف اقسام کی گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں، احسن آباد، سیکٹر 9 سی سعید آباد، لائنز ایریا، مواچھ گوٹھ، بکرا پیڑی اور لیاری کے مختلف علاقوں سے 56 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر مختلف ہتھیار برآمد کئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ وار کے تاجو گروپ سے وابستہ فرحان اور شیراز کامریڈ گروپ کے حامد مجید نامی ملزمان بھی شامل ہیں۔