پاکستان
13 مارچ ، 2014

طالبان سے ملاقات کے لیے طالبان کمیٹی کا دورہ شمالی وزیرستان

طالبان سے ملاقات کے لیے طالبان کمیٹی کا دورہ شمالی وزیرستان

پشاور… حکومت اور طالبان کے مذاکرات فیصلہ سازی کے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ، ایک طرف حکومت نے نئی کمیٹی تشکیل دے دی ہے تو دوسری طرف طالبان کاموقف لینے طالبان کمیٹی شمالی وزیرستان پہنچ گئی ہے ، مذاکرات کے لیے حکومت کی نئی کمیٹی سے کیا بات کرنی ہے اور کس طرح معاملات آگے بڑھانے ہیں، اس پر طالبان کا موقف اور فیصلہ لینے کے لیے طالبان کمیٹی دوسرے دورے پر شمالی وزیرستان پہنچی ہے ، اس بار شمالی وزیرستان جانے والوں میں مولانا یوسف شاہ اور پروفیسر ابراہیم کے علاوہ جے یو آئی سی کے شمالی وزیرستان کے امیر مولانا عبدالحئی حقانی بھی شامل ہیں جو معاون کے طور پر کمیٹی کے ہمراہ ہوں گے ، شمالی وزیرستان جانے کے لیے طالبان کمیٹی کو سرکار نے ہیلی کاپٹر کی سہولت فراہم کی ہے ، روانگی سے پہلے پشاور میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ پہلا مرحلہ کامیابی سے طے ہوا اور اب فیصلہ سازی کے مرحلے پر بھی وہ کامیابی کے لیے پرامید ہیں ۔اس موقع پر پروفیسر ابراہیم کاکہنا تھا کہ وہ عوام سے مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔دوسری طرف علامہ طاہر اشرفی کی سربراہی میں آل پاکستان علما کونسل کے وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ،جس میں مذاکرات کی کامیابی اور ملک میں امن و امان کے معاملے پربات کی گئی ، ملاقات کے بعد جیو نیوز سے گفت گو میں علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ انہوں نے وزیراعظم سے غیر جنگی قیدی رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔اس سے پہلے حکومت نے طالبان سے براہ راست مذاکرات کے لیے نئی کمیٹی تشکیل دی ، اس کمیٹی کے سربراہ سیکریٹری پورٹس اینڈ شپنگ حبیب اللہ خٹک ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن فواد،سیکریٹری فاٹا ارباب عارف اورتحریک انصاف کے نمایندے کے طورپر رستم شاہ مہمند شامل ہیں ۔

مزید خبریں :