05 اپریل ، 2012
کراچی… سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے ہیں۔ کراچی میں 250 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں70کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ہرٹاوٴن میں اضافی مرکز قائم کیا گیا ہے، شہر میں 3 لاکھ 12ہزار طلباء امتحان دے رہے ہیں۔ امتحانی مراکز میں موبائل فون لانے پر سخت پابندی ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ بعض امتحانی مراکز سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق امتحانی پرچہ وقت پر مراکز نہ پہنچ سکا۔ادھر ثانوی اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر اہتمام نویں اور دسویں کلاس کے سالانہ امتحانات بھی شروع ہو گئے ہیں، ناظم امتحانات کے مطابق سکھر تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات کے لئے سکھر ، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں 186 امتحانی سینٹر قائم کئے گئے ہیں ان میں 149 طلبہ کیلئے اور 37 طالبات کیلئے ہوں گے، ناظم امتحانات کے مطابق نویں، دسویں کے ان سالانہ امتحانات میں 63 ہزار طلباء اور 27 ہزار طالبات حصہ لے رہی ہیں، امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلئے سکھر تعلیمی بورڈ کی جانب سے 13 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ امتحانی سینٹروں کے باہر امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔میرپور خاص۔ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر تقریباً 54 ہزار امیدواروں شرکت کریں گے۔ بورڈ کے چیئرمین شفیق احمد خان کے اعلامیہ کے مطابق امتحانات کے لئے بورڈ سے منسلک چاروں اضلاع میرپور خاص، عمرکوٹ، سانگھڑ اور تھرپارکر میں 121 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں