21 مارچ ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ…امریکی جریدہ”نیشنل جرنل“ لکھتا ہے کہ اسرائیل عنقریب جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے” سی ٹی بی ٹی“ کی توثیق کرسکتا ہے، رپورٹ کے مطابق جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے پر آئندہ توثیق کرنے والی اعلیٰ درجے کی ایٹمی طاقت اسرائیل ہو سکتی ہے۔ اس معاہدے پر عمل درآمد کرانے والے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ آٹھ ممالک جن کے پاس جوہری ہتھیار ہیں اور جن کا کا سی ٹی بی ٹی کی توثیق کرنا ضروری ہے ان ممالک میں غالباً اسرائیل پہلا ملک ہو گا جو معاہدے کی توثیق میں پہل کرسکتا ہے۔جامع ٹیسٹ بین ٹریٹی آرگنائزیشن کے لئے ابتدائی کمیشن کے سربراہ اسرائیل میں وزیر خارجہ ایوگڈور لبرمین ، اٹامک انرجی کمیشن کے سربراہ شاوٴل کوریو اور انٹیلی جنس وزیر یوول اسٹینیٹز کے ساتھ بات چیت میں مصروف رہے ۔ابھی تک جن آٹھ ممالک نے باضابطہ طور پراس معاہدے پر عمل کا اعلان نہیں کیا ان میں چین ، مصر ، بھارت ، ایران ، اسرائیل ، شمالی کوریا ، پاکستان اور امریکا ہیں۔اسرائیلی اندرونی ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ اس وقت نام نہاد " سی ٹی بی ٹی " کے معاہدے کے لئے اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری کے لئے کوئی اجتماعی کوشش زیر غور نہیں۔ مشرق وسطی ملک نے 1996میں اس معاہدے پر دستخط کیے اگرچہ اسرائیل کے پاس وسیع پیمانے پر جوہری ہتھیار ہیں لیکن اسرائیلی حکومت نے باضابطہ طور پران ہتھیاروں کے رکھنے کا اعتراف نہیں کیا۔