دنیا
26 مارچ ، 2014

بھارت کا طویل رینج کے حامل زیرآب نیوکلیئرمیزائل کا تجربہ

بھارت کا طویل رینج کے حامل زیرآب نیوکلیئرمیزائل کا تجربہ

کراچی… محمد رفیق مانگٹ… بھارتی اخبار”ٹائمز آف انڈیا“ کے مطابق بھارت نے2ہزار کلومیٹر سے زائدرینج کے حامل سب میرین لانچڈ بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نے طویل رینج کے حامل سب میرین لانچ پیڈ سے بیلسٹک میزائل ( SLBM ) کا تجربہ کیا ہے جس کی رینج2000کلومیٹر سے زیادہ ہے جسے عارضی طور پر” کے فور“ کا نام دیا گیاہے۔ خلیج بنگال میں عارضی پلیٹ فارم سے تجربہ کیا گیا۔ بھارت کی موجودہ جوہری ہتھیار ٹرائیڈ کی رینج 750کلومیٹر ہے۔ بھارتی دفاعی سازوسامان کے ادارےDRDO کے سالانہ ڈائریکٹرز کانفرنس میں اس تجربے کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں وزیر دفاع اے کے انٹونی اور قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن نے شرکت کی۔ نیا میزائل ڈی آر ڈی او کی طرف سے تیار کیا گیا جو زیر آب میزائل کی "K" سیریز کا حصہ ہے، اس کو کئی تجرباتی مراحل سے گزارا جائے گا۔ بھارت کے پاس زیر آب جوہری تجربات کیلئے کوئی آپریشنل آب دوز نہیں، نئے میزائل کے زیر آب عارضی تیار پلیٹ فارم سے تجربات کیے جائیں گے حتمی تجربات آبدوز سے کیے جائیں گے۔750کلومیٹر رینج کے حامل”K-15 SLBM“ کو ایک درجن سے زائد تجربات سے گزارا گیا۔ اسے ابھی آبدوز سے تجربہ کیا جانا باقی ہے۔رواں برس کے آخر میں جوہری آب دوز آئی این ایس ار یہنٹ سے تجربہ کیا جائے گا۔ 18ماہ سے جاری زیرآب تجربات میں10ٹن وزن کا حامل ”کے15میزائل“ ایک ٹن جوہری مواد لے جا سکتا ہے جسے سب میرین پر بنے چار ٹاور سے فائر کیا جاسکتا ہے۔ بھارت جدید ٹیکنالوجی سے لیس مزید دو جوہری آبدوزیں تیار کر رہا ہے۔بھارت کے پاس زمین اورفضا میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت تھی مگر زیر آب میزائل کی صلاحیت نہیں تھی جو ایک خلا سمجھا جا رہا تھا۔

مزید خبریں :