22 جنوری ، 2012
اسلام آباد…ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، جس کے باعث مختلف علاقوں میں چلنے والی خشک اور سردہواوٴں کے باعث موسمی بیماریاں پھیلنا شروع ہوگئی ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت بڑھتے ہی سانس، سینے اور جلد کے امراض میں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ بڑی عمر کے لوگ عموماً ہڈیوں اور جوڑوں کی درد میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سردی کی شدت میں اضافہ ہو اور احتیاط نہ کی جائے تو صحت بری طرح متاثر ہو سکتی ہے، نزلہ ،زکام ،کھانسی ،بخار ،گلے کی خراش اورسینے میں انفیکشن جیسی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں،سرد ہوائیں اگر مسلسل گردن پر لگتی رہیں تو ٹھنڈ کی وجہ سے سر میں شدید درد ہو سکتا ہے اس کے ساتھ نزلہ ،زکام اور انفلوینزا کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹھنڈی ہواوٴں سے بچاوٴ کے لیے مناسب لباس زیب تن کرنے کے ساتھ اس موسم کے پھل اور دیگرخوراک بھی مفید ہے۔