22 جنوری ، 2012
لاہور …لاہور میں دریائے راوی کا عارضی بند ٹوٹنے سے مٹی اور ریت اٹھانے والی درجن سے زائد گاڑیاں اور 28 افراد پانی میں پھنس گئے۔ تاہم اہل علاقہ اور ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے تمام افراد کو نکال لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق دریائے راوی کی ٹی فائیو پر 28 محنت کش رات کے وقت ٹریکٹر ٹرالیوں، ڈمپروں اور کرینوں کے ذریعے ریت اور مٹی نکال رہے تھے کہ عارضی طور بنایا گیا بند پانی کے ریلے سے ٹوٹ گیا جس سے تمام افراد پانی میں پھنس گئے۔ شور کی آواز سن کر اہل علاقہ پہنچ گئے اور انھوں نے ریسکیو کو کال کر دی، تمام افراد کو نکال لیا گیا جبکہ کرینیں، ٹریکٹر ٹرالیاں اور ڈمپر پانی میں ڈوب گئے۔ ٹاوٴن میونسپل آفیسر داتا گنج بخش ٹاوٴن امتیاز اعوان کا کہنا ہے کہ یہ بند خود ٹھیکیداروں نے عارضی طور پر بنا رکھا تھا جو ٹوٹ گیا تاہم تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی۔