09 اپریل ، 2014
لاہور…جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پرامن جدوجہد کے ذریعے اسلامی انقلاب لانا چاہتے ہیں، انقلاب مصنوعی نعروں سے برپا نہیں ہوتا، عوام کے ذہن تبدیل کرنا ہوں گے۔ جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر سراج الحق کا امارت کا حلف اٹھانے کے بعد منصورہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ میں سابق امیر سید منورحسن سے بہترانسان نہیں، ارکان جماعت نے عظیم ذمے داری میرے کندھوں پر ڈال دی ہے، پارٹی کارکنان کے اعتماد پر پورا اتروں گا، بحیثیت امیرِجماعت اسلامی پارٹی منشور کو آگے بڑھاوٴں گا۔ جماعت اسلامی ملک کے اندر اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحصالی طبقے نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو تباہ کردیا، عوام کا اصل مقابلہ صرف 5فیصداشرافیہ کے ساتھ ہے، اس اشرافیہ کی وجہ سے عوام یرغمال بنے ہوئے ہیں، وسائل اور ذخائر کی کمی نہیں، ہمیں اشرافیہ کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ انتخابی نظام میں بہت خرابیاں ہیں، اسے درست کرنا ہوگا۔