دنیا
09 اپریل ، 2014

بھارت کے عام انتخابات :80 کروڑ سے زائدووٹرز

بھارت کے عام انتخابات :80 کروڑ سے زائدووٹرز

نئی دہلی…بھارت میں آج عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے اس بار کے بھارتی انتخابات میں کس کس لحاظ سے اہمیت کے حامل ہیں؟ بھارت میں 7اپریل سے شروع ہونے والے عام انتخابات 12 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔آج دوسرے مرحلے میں ریاست ارون آچل پردیش، منی پور، میگھالا اور ناگالینڈ میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ پانچ ہفتے تک جاری رہنے والے یہ انتخابات کئی اعتبار سے تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، اس بار بھارت کی تاریخ میں پہلی بار 80کروڑ سے زائد افراد ووٹ ڈال رہے ہیں،یہ تعداد 2009ء کے عام انتخابات سے 10کروڑ زیادہ ہے، ووٹ ڈالنے کے لیے عمر کی حد 18سال مقرر ہونے کے بعد 20فیصد ووٹرز پہلی بار ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ 2014ء میں ہونے والے ان انتخابات کی ایک خاص بات خواجہ سراوٴں کو دیا جانے والا ووٹ کا حق بھی ہے۔ ”تھرڈسیکس“ کے نام سے کیٹگری متعارف کرائی جانے کے بعد 28ہزار سے زائد خواجہ سرا بھی ووٹ ڈال رہے ہیں، ووٹرز کی تعداد کے ساتھ اخراجات کے لحاظ سے بھی یہ انتخابات بھاری بھرکم ہیں، انتخابات پر3کھرب روپے کا خرچہ آئے گا اور یہ اخراجات پچھلے الیکشنز سے 150فیصد زیادہ ہیں، انتخابات میں ووٹرزکی سہولت مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایاگیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن ووٹرکی رہائش سے 2کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر نہ ہو۔ ملک بھر میں 9لاکھ 19ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جہاں 36لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بھی رکھی گئی ہیں۔ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے مختلف اضلاع میں خصوصی FLYING-SQUADS قائم کیے گئے ہیں، جن کا کام انتخابات میں دھاندلی یا رشوت کی روک تھام ہے، بھارت میں جاری انتخابات میں ایک دلچسپ بات گجرات کے جنگل میں ایک پولنگ اسٹیشن کا قیام ہے، جہاں ووٹر صرف ایک ہے لیکن انتخابی عملہ 5افراد پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :