13 اپریل ، 2014
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہا ہے کہ بناوٹی باتوں سے حقوق نہیں ملاکرتے،حقوق کیلیے عملی طورپرجدوجہدکرنی پڑتی ہے،اسرائیل رقبے میں چھوٹاہونے کے باوجود آج مشرق وسطیٰ پرراج کررہاہے،انھوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کی شام اپنی کتاب فلسفہ محبت کے سندھی ترجمے کی تقریب رونمائی کے موقع پر حیدر آباد میں خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر ارکان رابطہ کمیٹی کے علاوہ منتخب اراکین، ادیب ،شاعر ، دانشور ماہرین تعلیم دیگر اہم شخصیات سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔الطاف حسین نے کہا کہ سندھی بھائیوں ایک بارمیراہاتھ تھام لو،کیاآپ نے لاڑکانہ،جیکب آباد،رتوڈیروکی حالت دیکھی ہے ،کیا وہاں کوئی اسکول ٹھیک ہے،کیاکوئی بھی انسان ٹھیک ہے ان شہروں میں، انھوں نے کہا کہ لڑائی جھگڑے ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن آج انھیں ختم ہوجاناچاہیے،سندھ کی روایت اورشاعری محبت کاپیغام دیتی ہے،یہ کون چاہیگاکہ سندھی بولنے والے خوش رہیں اوراردوبولنے والے نہیں،انھوں نے کہا کہ اگرمیری باتیں بری لگیں تومجھے معاف کرنا،الطاف حسین نے کہا کہ مجھے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں،اگر آپ سندھ کے بیٹے ہیں تو میں بھی سندھ کا بیٹا ہوں،اردوبولنے والے سندھیوں تم بھی سندھ کے بیٹے ہو،ہم نے اس دھرتی پربہت ظلم کیاہے، سندھ کی دھرتی بہت دکھی ہے،سندھ دھرتی ماں ہے،ماں پرہاتھ اٹھاناغلط بات ہے،اب اسے ختم ہونا چاہیے۔