22 جنوری ، 2012
بھلوال . . . . . تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ دونوں بڑی جماعتیں عوام کو مایوس کر چکی ہیں اس لئے پاکستان تحریک انصاف ہی ہر طبقے میں ظلم کا خاتمہ کرے گی۔ سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو طاقت ور ہے وہ کمزوروں پر ظلم کر رہا ہے اور ہم ظلم کا راستہ روکیں گے۔ تحریک انصاف کا سونامی شہروں سے ہوتا ہوا دیہات کی جانب رخ کر چکا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کے صدر سے پوچھتے ہیں کہ سوئس اکاوٴنٹ میں 500 کروڑ روپے کہاں سے اور کیسے آئے۔ وزیراعظم گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ تو پیروں کے خاندان سے ہیں وہ سوئس حکومت کو خط کیوں نہیں لکھتے۔ عمران خان نے نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زرداری کے ساتھ ساڑھے 3 سال گزارے، دونوں بھائی بنے ہوئے تھے اور اکٹھے تیتروں کا ناشتا کرتے تھے۔ انہوں نے 25 سال میں پانچ مرتبہ باری لی لیکن پاکستان کا بیڑا غرق کردیا، نواز شریف اور زرداری اپنی باری لے چکے ہیں آئندہ الیکشن پر دونوں وکٹیں ایک ہی گیند پر گریں گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کا وزیراعظم ایماندار ہو تو 90 روز میں کرپشن ختم ہو سکتی ہے۔ تحریک انصاف ٹیکس اکٹھا کر کے دکھائے گی تاکہ ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلائی جا سکے۔ پاکستان کے مسائل حل کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے، یہ دونوں بڑی جماعتیں مسائل حل نہیں کر سکتیں، کیونکہ یہ دونوں ہی پاکستان کے لئے مسئلہ ہیں۔