22 جنوری ، 2012
لاہور . . . . . جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرجانبدار انتظامیہ اور بااختیار الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ قوم اپنے مسائل کے حل کے لئے نئی قیادت کا انتخاب کرسکے۔ منصورہ سے جاری ہونے والی شوریٰ کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور اتفاق رائے سے عبوری حکومت قائم کر کے عام انتخابات کرائے جائیں۔ قرار داد میں کہا گیا کہ حکومت کی ناکامی کا بہانہ بنا کر اگر کسی غیر جمہوری و غیر آئینی شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان صدر کو پارٹی ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کیا جارہاہے اور قومی خزانے کو پارٹی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ اعلیٰ عدالتیں اور پارلیمنٹ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے فوری اقدام کریں۔