08 مئی ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ ایم کیو ایم کے خلاف جاری سازشوں کا حصہ ہے،ہمارے کارکنوں پر ہونے والے مظالم پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کیوں خاموش ہے ،ایم کیو ایم کے خلاف کوئی سازش آج تک کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ایم کیوایم کے تحت ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف ہونے والی سازش ہر دور میں ناکام ہوئی ہے اور اب بھی ناکام ہوگی، اگر الطاف حسین پر کوئی آنچ بھی آئی تو یہ شہر بھڑک بھی اٹھ سکتا ہے جسے کوئی پھر بجھا نہیں سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کو ختم کرنے والے ختم ہوگئے، الطاف حسین ملک کے 98 فیصد محکوم عوام کے نمائندے ہیں،الطاف حسین کے خلاف سازش غریب عوام کے خلاف سازش ہے۔خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہم نے اپنا مقدمہ عوام کے سامنے پیش کیا ہے، الطاف حسین کے جانثار ہر ظالم کے گریبان کو پکڑ سکتے ہیں۔