09 مئی ، 2014
لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کوچ محسن خان کی پریس کانفرنس کو انگور کھٹے ہیں کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق کوچ کی نوکری کیلئے سفارش کو نہیں سنا گیا تو وہ آج باتیں کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محسن خان کہتے ہیں کہ پی سی بی نے ایک داغدار کرکٹر کو عہدہ دے دیا ہے لیکن محسن خان یہ فراموش کرگئے کہ کچھ عرصے پہلے تک محسن خان اسی داغدار کرکٹر کے ساتھ کام کررہے تھے۔ کرکٹ بورڈ نے محسن خان کے ردعمل کو انگورکھٹے ہیں کی مثال قرار دیا اور کہا کہ وہ آج اس لئے بورڈ پر تنقید کررہے ہیں کیوں کہ ان کی نوکری کیلئے سفارش کو نہیں سنا گیا۔