پاکستان
10 مئی ، 2014

ایمنسٹی نے اپنی رپورٹ میں ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی کوشش کی ،فاروق ستار

 ایمنسٹی نے اپنی رپورٹ میں ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی کوشش کی ،فاروق ستار

لندن…ایم کیوایم کے بارے میں جانبدارانہ اورمتعصبانہ رپورٹ کے خلاف جمعہ کو ایم کیوایم یوکے کی جانب سے لندن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ہیڈکوارٹرکے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرے میں ذمہ داروں،کارکنوں ،ہمدردنوجوانوں، بزرگوں، خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈاکٹرفاروق ستار، طارق جاوید، سینیٹربابرغوری ،محمد اشفاق،مصطفےٰ عزیزآبادی،رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہارالحسن ،یوکے کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش اوردیگرعہدیداران بھی شریک تھے ۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم اورپاکستان کے پرچم اور الطاف حسین کے پورٹریٹ اور پلے کارڈزاٹھائے ہوئے تھے ۔ مظاہرین ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانبدارانہ رپورٹ کے خلاف مسلسل نعرہ لگاتے رہے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنماوٴں نے مظاہرین سے خطاب کیااورمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگوبھی کی اورایمنسٹی کی حالیہ رپورٹ کے بارے میں اپنے شدیدتحفظات کااظہارکیا۔ ڈاکٹرفاروق ستارنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی حالیہ رپورٹ میں ایم کیوایم کوجس طرح مختلف واقعات میں ملوث کیاہے وہ ایم کیوایم کی کردارکشی ہے، ایمنسٹی نے اپنی اس متعصبانہ اورجانبدارانہ رپورٹ کے ذریعے ایم کیوایم کوپاکستان کے عوام اوردنیابھرمیں بدنام کرنے اوراس کاامیج خراب کرنے کی کوشش کی ہے ، ہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ کومستردکرتے ہیں ، رکن رابطہ کمیٹی طارق جاوید نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایمنسٹی کی اس رپورٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کوبھی غلط طور پر پیش کرکے حقائق کومسخ کیاگیاہے ۔انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کانوٹس لے ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل خودکو انسانی حقوق کی تنظیم قراردیتی ہے لیکن کراچی میں پولیس ، رینجرز کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنوں کوماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے، ان کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں، انہیں گرفتارکرکے لاپتہ کیا جارہا ہے لیکن ایمنسٹی انٹرنیشنل اس پرمکمل طور پر خاموش ہے ، اس عمل سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اپنی غیرجانبداری اورحیثیت مشکوک ہوگئی ہے اور عوام اس پرکھلے عام انگلیاں اٹھارہے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اعلیٰ حکام کوچاہیے کہ وہ ایم کیوایم کی جائزشکایات پر غورکرے ۔سینیٹر بابرغوری نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ حقائق کے برخلاف ہے، ایم پی اے خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کراچی کے بارے میں اپنی رپورٹ میں یکطرفہ واقعات شامل کئے ہیں اوران کی آزادذرائع سے ان واقعات کی تحقیق نہیں کی اوریکطرفہ رپورٹس شائع کی ہے ۔ بعدازاں ڈاکٹر فاروق ستاراورایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ڈاکٹرسلیم دانش نے ایمنسٹی کے ہیڈکوارٹرمیں جاکر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایشیاپیسیفک پروگرام کے ڈائریکٹر رچرڈ بینٹ اوردیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اورانہیں ایک احتجاجی یادداشت بھی پیش کی ۔

مزید خبریں :