22 جنوری ، 2012
کوئٹہ . . . . . . وادی کوئٹہ اور زیارت سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ وادی کوئٹہ، زیارت، قلات، پشین اور قلعہ سیف اللہ سمیت بلوچستان کے مختلف شمالی علاقوں میں گزشتہ روز دوپہر سے برفباری اور بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جو کہ رات گئے جاری رہا۔ گزشتہ رات تک کوئٹہ میں 7 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی تھی،برفباری کا یہ سلسلہ سہ پہر تقریبا 4 بجے دوبارہ شروع ہوگیا جو کہ تاحال جاری ہے، برفباری کے باعث کوئٹہ، قلات اور دیگر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں، کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 جبکہ قلات میں منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب شدید برفباری اور بارش کے باعث مختلف مقامات پر ہرنائی کا کوئٹہ اور پنجاب سے رابطہ منقطع ہوگیا، زمینی رابطوں کی بحالی کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔