22 جنوری ، 2012
اسلام آباد . . . . . . خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو ناکام بنانے کی سازشیں ہورہی ہیں، موجودہ حکومت نے ہچکولے کھاتے 4 سال مکمل کرلئے باقی مدت بھی پوری ہوگی اور سینیٹ انتخابات بھی ضرور ہو ں گے۔ اسلام آباد میں باچا خان کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ عدلیہ کو عوام نے خون دیکر بحال کیا یہ عدلیہ عوامی خواہشات کے برعکس فیصلے نہیں کرے گی، آئین بنانے والے ادارے پارلیمنٹ کا احترام کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مالاکنڈ میں خودکش جیکٹ پہنے افراد اور اسلحہ برداروں کی موجودگی میں دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کئے اور انہیں امن و محبت کا پیغام دیا۔ میاں افتخار نے کہا کہ دہشت گرد ان کی سوچ کو شکست نہیں دے سکتے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ اے این پی کرسی کی سیاست نہیں کرتی اور وہ جمہوریت کی مضبوطی چاہتی ہے۔