04 جون ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو لندن میں حراست میں لئے جانے پر کارکنان اور ہمدردوں کی جانب سے گذشتہ روز سے نمائش چورنگی پر دھرنا جاری ہے،جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری پرایم کیوایم کے سیکڑوں کارکنان اورہمدرد گذشتہ روز سے نمائش چورنگی پردھرنا دیئے بیٹھے ہیں، جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کے مطابق، جب تک ان کے قائد الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں ہوتا، دھرنا جاری رہے گا۔اس موقع پر فاروق ستار اور نسرین جلیل سمیت دیگر راہنماؤں نے خطاب بھی کیا جبکہ دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے پیپلز پارٹی رہنما نثار کھوڑو نے وفد کے ہمراہ نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کے کارکنان سے ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے جمہوریت کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، الطاف حسین نے بھی برے وقت میں آصف علی زرداری کا ساتھ دیا تھا، پیپلز پارٹی الطاف حسین کے اس احسان کو بالکل نہیں بھولی۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے کاروباری اور وکلاء برادری کے وفود نے بھی نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کے کارکنان سے ملاقات کی۔صبح سے ہی کراچی شہر میں پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ انتہائی کم ہے ، پٹرول اور سی این جی پمپس دکانیں اور کاروبار بھی مکمل طور پر بند ہیں،جامعہ کراچی، انٹر بورڈ اور ٹیکنیکل بورڈ کے تحت ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے تھے ، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔