04 جون ، 2014
حیدرآباد…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف دوسرے روز بھی اندرون سندھ مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔پنجاب میں بھی مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اوراحتجاج کیاجارہاہے۔سندھ کے مختلف اضلاع میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے احتجاجی دھرنے آج دوسرے روز بھی جاری ہیں۔کئی شہروں میں بازاراوردکانیں بند جبکہ ٹریفک غائب ہے۔دفاتر میں حاضری معمول سے کم جبکہ پٹرول پمپ اورسی این جی اسٹیشن بند ہیں۔حیدرآباد پریس کلب کے باہر گذشتہ روز سے کارکن احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔بچے بڑے اورخواتین اوربزرگ سبھی الطاف حسین کی صحیتابی اورجلد گھر منتقلی کے لئے نعرے لگا رہے ہیں۔نواب شاہ،سکھر،میرپورخاص،لاڑکانہ،اوباڑو، خیرپور،میرپورخاص،ٹنڈومحمد خان،ٹنڈوالہ یار،ٹھٹھہ سانگھڑ،نوشہروفیروزسمیت چھوٹے بڑے شہروں میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔سخت گرمی میں جہاں درجہ حرارت 45ڈگری کو بھی تجاوز کررہاہے ایسے میں سخت گرمی اوردھوپ میں کئی کی حالت خراب بھی ہوگئی۔ پنجاب میں بھی احتجاجی مظاہرے اوردھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔سیالکوٹ،ملتان ،مظفرگڑھ،رحیم یارخان میں آج دوسرے روز بھی کارکن الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں اور ان کی جلد گھر منتقلی کا مطالبہ کررہے ہیں۔