پاکستان
04 جون ، 2014

لندن میں گرفتار قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کے اسپتال میں میڈیکل ٹیسٹ مکمل

لندن میں گرفتار قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کے اسپتال میں میڈیکل ٹیسٹ مکمل

لندن…لندن میں گرفتار ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے اسپتال میں میڈیکل ٹیسٹ مکمل ہوگئے، ٹیسٹ کی رپورٹس کاجائزہ لینے کے بعد الطاف حسین کے انٹرویو لینے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو قونصلر رسائی دینے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن کی درخواست مل گئی ہے، تاہم قونصلر رسائی دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے مطابق الطاف حسین لندن کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ان کا فاسٹنگ بلڈ ٹیسٹ لیا جا چکا ہے۔ بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ پر طے کیا جائے گا کہ الطاف حسین پولیس کوانٹرویو دے سکتے ہیں یا نہیں۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق الطاف حسین کے وکلاء، ڈاکٹروں، پولیس اور الطاف حسین سے مسلسل رابطے میں ہیں، جیسے ہی مزید تفصیلات ملیں گی میڈیا کے ذریعے کارکنوں اورعوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق اسپتال میں الطاف حسین سے ملاقات کی کوشش کی لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی۔ ادھر برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے جیو نیوز سے بات چیت میں بتایا کہ الطاف حسین تک قونصلر رسائی دینے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن کی درخواست مل گئی ہے، تاہم ابھی اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ الطاف حسین کو منگل کی صبح نارتھ ویسٹ لندن میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، انہیں سینٹرل لندن کے پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے بعد پہلے سے طے شدہ طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب لندن میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق الطاف حسین پہلے سے طے شدہ اپائنمنٹ کے باعث ابھی تک اسپتال میں ہیں اور پولیس کی حراست میں رہیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے الطاف حسین کے گھر پر اہلکار موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق الطاف حسین کے گھر کی تلاشی میں خصوصی یونٹ کے 40اہل کار وں نے حصہ لیا، عمران فاروق قتل کیس کے تفتیش کار اور فارنزک ایکسپرٹ بھی اس سرچ آپریشن میں شامل تھے۔

مزید خبریں :