07 جون ، 2014
کراچی… محمد رفیق مانگٹ......کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نے جیو نیوز کے لائسنس معطل کرنے کی پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ سی پی جے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جوئیل سمن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ریگولیٹر کی طرف سے جیو نیوزکے لائسنس معطل کرنے کے فیصلے سے پریشان ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا ذرائع ابلاغ کو بند کرنے کااقدام تنگ نظری اور سیاست زدہ ہے اور یہ وزیر اعظم نواز شریف کی سی پی جے سے کیے گئے و عدوں کی روح کے خلاف ہے۔ سی پی جے کے ایک وفد نے مارچ میں نواز شریف سے ملاقات کی اور پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کا وعدہ لیا، اس کے بعد سے، تاہم، صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا جن میں صحافیوں پر فائرنگ، حملے اوردھمکیا ں شامل ہیں۔ اپریل میں جیو نیوز کے اینکر حامد میر پر ایک قاتلانہ حملے کے بعد آئی ایس آئی کے خلاف الزام نشر ہونے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ۔