11 اپریل ، 2012
کراچی … انڈونیشیا میں چند گھنٹوں کے دوران 3 شدید زلزلوں کے بعد 28 ملکوں میں جاری کی گئی سونامی وارننگ واپس لے لی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے سونامی وارننگ واپس لے لی ہے، انڈونیشیا میں 8.7 شدت کے زلزلے کے بعد انڈونیشیا، بھارت، پاکستان سنگاپور، تھائی لینڈ سمیت 28ملکوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات سری لنکا نے بھی سونامی وارننگ واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد اپنے گھروں کو جاسکتے ہیں۔ انڈونیشیا میں زلزلے کے کئی جھٹکوں کے بعد بحر ہند کی ساحلی پٹی سے منسلک کئی ممالک میں سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اندونیشیاء کے صوبے آچے سے 308 میل جنوب مغرب میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 8.7 ریکارڈکی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے سنگاپور، تھائی لینڈ، سری لنکا اور بھارت کے ساحلی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے، بھارتی شہر گوہاٹی، کولکتا اور چنائی میں بھی لوگ زلزلے کی وجہ سے گھروں سے باہر نکل آئے۔انڈونیشیاء میں 8.2 کی شدت کے 2 آفٹر شاک بھی محسوس کئے گئے جس کے بعد سونامی وارننگ میں مزید توسیع کردی گئی تھی تاہم اب سومامی وارننگ واپس لے لی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد مغرب اور شمال میں سمندرکی سطح 0.8 میٹر بلند ہونا شروع ہوگئی تھی جس کے بعد 80 سینٹی میٹر اونچی لہریں ساحل سے ٹکرائیں۔ انڈونیشیاء میں زلزلے کے بعدسری لنکا،مالدیپ،کینیا اور تنزانیہ کے ساحلی حصے میں بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی۔