پاکستان
10 جون ، 2014

کراچی دہشت گردوں کی زد پر ہے، سخت ایکشن لیا جائے، الطاف حسین

کراچی دہشت گردوں کی زد پر ہے، سخت ایکشن لیا جائے، الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی ائیرپورٹ سے ملحقہ ا ے ایس ایف ٹریننگ کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قومی سلامتی کے حساس اداروں کو خصوصی اختیارات دیئے جائیں ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی اس وقت دہشت گردوں کی زد پر ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم نوا ز شریف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے سخت ایکشن کا اعلان کیا جائے ، ہنگامی بنیادوں پر مسلح افواج ، سیکوریٹی ایجنسیوں اور پیراملٹری کے اداروں کے سربراہان کا اجلاس بلاکر کراچی اور اہم قومی تنصیبات کو محفوظ بنانے اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائے اور اس پر جلد ازجلد عملدرآمد کیا جائے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ رینجرز، پولیس اور اے ایس ایف کے بہادر جوان جس طرح دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں اس پر وہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم کے ان بہادربیٹوں کی مدد فرمائے ۔ الطاف حسین نے کراچی کے شہریوں خصوصاً کاروباری حضرات، تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی سنگین اور نازک صورتحال میں لمحہ بہ لمحہ چوکس رہیں اوراپنی زندگیوں کے تحفظ کواولیت دیں۔

مزید خبریں :