پاکستان
15 جون ، 2014

خیبر پختونخوا کے بجٹ میں نیا پاکستان کہیں نظر نہیں آیا،پرویز رشید

خیبر پختونخوا کے بجٹ میں نیا پاکستان کہیں نظر نہیں آیا،پرویز رشید

لاہور.......وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نےکہا ہےکہ خیبر پختونخوا کے بجٹ میں نیا پاکستان کہیں نظر نہیں آیا, ہیر پھیر کے ذریعے 41ارب روپے کا بجٹ خسارہ چھپایا گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں10 فیصد اور وزیر اعلیٰ سمیت وزرا کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ نا قابل فہم ہے۔ایک بیان میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نےکہا کہ بجٹ تحریک انصاف کے دعوئوں کی عکاسی نہیں کرتا، بجٹ میں عام آدمی کےلیے ریلیف کہاں ہے، بجٹ کا 71 فی صد تنخواہوں اور صرف 29 فی صد ترقیاتی منصوبوں کے لیے رکھا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے قول و فعل میں ایک اور تضاد یو ایس ایڈ، برطانوی اور جرمن امداد قبول کرنا ہے اور یہی تحریک انصاف نیٹو اور امریکا کے خلاف مظاہرے اور روڈ بلاک کرتی رہی ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خیبر پختونخوا کے بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس کا دائرہ دیہی علاقوں تک بڑھایا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیمبر آف کامرس نے اپنی عمارت پر پشاور بچاؤ کا بینر کیوں لگایا ہے۔ تاجر ، صنعتکار اور ڈاکٹر پشاور چھوڑ کر کیوں جا رہے ہیں؟امید ہے عمران خان اپنے آیندہ جلسے میں ان سوالوں کے جواب دیں گے۔

مزید خبریں :