15 جون ، 2014
کراچی......شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ مرزا یوسف کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں شیعہ افراد کی نسل کشی جاری ہے اور نااہل حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔اب عوام نے سروں پرکفن باندھ لئے ہیں اور دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے ہی دم لیں گے۔کراچی میں نمائش چورنگی سے امام بارگاہ علی رضا تک، شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ ،سانحہ تفتان اور کوئٹہ سے ایران جانے والے زائرین پر پابندی کے خلاف احتجاجی ماتمی کفن پوش ریلی نکالی گئی۔ریلی سے خطاب میں رہنما شیعہ ایکشن کمیٹی مرزا یوسف کا کہنا تھا کہ حکمران پاکستان میں جاری دہشت گردی کو نہیں روک سکتے تو حکومت کیسے چلاسکتے ہیں؟ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی شیعہ کمیونٹی سانحہ تفتان ،عراق میں شیعہ مخالف قوتوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور کوئٹہ سے ایران جانے والے زائرین پر پابندی کے خلاف ہیں ،ریلی سے دیگر شیعہ تنظیموں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف کوششوں پر زور دیا۔ ریلی میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔