15 جون ، 2014
پشاور...... امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ حکومت نے ابتداءہی سے مذاکرات کو کمیٹیوں میں لٹکا کر اپنی نیک نیتی کا پول کھول دیاتھا ۔ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناتھا کہ آپریشن سے پہلے کم از کم قومی قیادت اور خیبر پختونخوا حکومت سے مشاورت کی جانی چاہیے تھی۔آپریشن سے ملک میں سیاسی و قومی بحران مزید پیچیدہ ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن کے دوران علاقے کے عام لوگوں کے بچانے کے لیے حکومتی اقدامات دور دور تک نظر نہیں آتے، جس سے بہت بڑے پیمانے پر انسانی المیہ رونما ہوسکتاہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے علاقے کی عام آبادی کے بچانے کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنوں کو امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔