16 جون ، 2014
اسلام آباد......سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی وفاق کی درخواست پر سماعت کے لئے نیا بنچ تشکیل دینے کا معاملہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو بھجوا دیا ۔سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں آصف سعید کھوسہ اور اعجاز افضل پر مشتمل تین رکنی بنچ نے پرویز مشرف کو نام ای سی ایل سے نکالنے کی وفاق کی درخواست پر سماعت کی۔اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت اسی ہفتے مقرر کی جائے،سندھ ہائی کورٹ میں پرویز مشرف کی جانب سے دائر نظر ثانی درخواست بھی دائر کی گئی ہے اس درخواست میں 15 دن سے قبل ہی ملک سے باہر جانے کی اجازت کی استدعا کی گئی ہے۔اگر نظر ثانی درخواست کوئی فیصلہ آیا تو سپریم کورٹ میں وفاق درخواست غیر موثر ہو جائے گی۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئے کہ آپ نے صرف جلد سماعت کی درخواست دی تھی، جو ہم نے سن لی، آپ کی درخواست پہلے سپریم کورٹ آفس میں پراسیس ہو گی پھر معاملہ چیف جسٹس تصدق حین جیلانی کے پاس جائے گا اور وہی اس بنچ کو تشکیل دیں گے۔عدالت نے نیا بنچ تشکیل دینے کے لئے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوا دیا۔