22 جون ، 2014
اسلام آباد.......وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ کسی کو جلسے یا دھرنے کی آڑ میں اسلام آباد پر مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایک بیان میں چودھری نثار نے کہا کہ سیاسی جلسے کرنے کی ہر ایک کو اجازت ہے،تاہم غیر آئینی طور پر حکومت گرانے کا عزم رکھنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے لاہور آنے پر حکومت کو کیا اعتراض ہو سکتا ہےلیکن طاہر القادری کی لاہور کے بجائے اسلام آباد لینڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شدید سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر طاہر القادری اور ان کے ساتھیوں کو لاہور پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت تمام سیکیورٹی اداروں کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مرکوز ہے،ایسے حالات میں طاہر القادری خلل کیوں ڈالنا چاہتے ہیں؟ چودھری نثار نے واضح کیا کہ نہ کل اور نہ ہی آیندہ کسی کو اسلام آباد پر مارچ کی اجازت دی جائے گی۔