01 جولائی ، 2014
کراچی........کراچی ائیر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر حملے کی تحقیقات کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ائیرپورٹ سے متصل پہلوان گوٹھ کی تفصیلات اکھٹا کرنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر پہلوان گوٹھ اور اطراف میں رہنے والے تمام افراد کے کوائف جمع کیے جارہے ہیں جبکہ کوائف اکھٹا کرنے کا کام تین سے چار روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوائف اکھٹا کرنے کا کام اسپیشل برانچ اور پولیس اہلکار کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پہلے علاقہ عمائدین کے ساتھ میٹنگ کی گئی جس کے بعد کام شروع کیا گیا۔ کراچی ائیر پورٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں اے ایس ایف اہلکاروں سمیت 30افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔