02 جولائی ، 2014
پشاور......پشاور کے ایئر پورٹ میں طیارہ پر فائرنگ کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے سلیمان خیل سےا ہم شدت پسند کمانڈر کو گرفتارکیاہے۔ دوسری جانب سیفن چوکی کے قریب سے کالعدم تنظیم کے چار کمانڈر بارود سمیت گرفتارکئے گئے۔ پشاور طیارہ حملہ کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے سلیمان خیل سے کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈرعلی حیدر کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے خلاف دہشت گردی کے مختلف مقدمات تھانہ بڈھ بیر میں درج ہیں۔ پولیس کے مطابق علی حیدر نے 24جون کو طیارہ فائرنگ کے واقعہ میں حملہ آوروں کی معاونت اور مکمل مدد فراہم کی تھی۔ علی حیدر کو سلیمان خیل سے اس کی بہن کے گھر سے گرفتارکیاگیا۔ طیارہ پر فائرنگ سے ایک مسافر خاتون جاں بحق اور عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے تھے۔ دوسری جانب سیفن چوکی کے قریب کار روائی میں پولیس نے چار مبینہ دہشت گرد وں کو گرفتار کیا ہے۔ مبینہ دہشت گرد خیبر ایجنسی کی کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے ارکان ہیں جن کے قبضہ سے 5کلو گرام بارودی مواد، دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔ گرفتاردہشت گرداس سے قبل اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب تھے۔ یاد رہے کہ کالعدم لشکر اسلام کا امیر منگل باغ خیبر پختونخوا پولیس کی انتہائی مطلوب افراد فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ یہ گروپ دہشت گردی، پولیس حملوں ، اغواء برائے تاوان اور بھتا خوری کے درجنوں مقدمات میں ملوث ہے۔