02 جولائی ، 2014
کراچی........سندھ ہائیکورٹ نے پیمرا اور 8 کیبل آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 9جولائی تک جواب داخل کریں کہ آخر سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود جیو نیوز کو کیبل پر اور اس کے پرانے نمبروں پر کیوں نہیں کھولا گیا؟ جیونیوز کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سزا مکمل کرنے کے بعد اور پیمرا کے واضح احکامات کے باوجود 8کیبل آپریٹرز نے جیونیوز غیر قانونی طورپر بند کیا ہوا ہے۔ درخواستوں کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس منیب اختر نے کی جبکہ جیونیوز کی جانب سے جام آصف اور بہزاد حیدر پیش ہوئے۔ جسٹس منیب اختر نے جیونیوز کی درخواست پر اسکائی لائن، ٹریکس انٹرٹینمنٹ کے محمد حسین، میڈیا پلس کے قائم مقام سی ای او کاظم، ہوم وژن ون کمیونی کیشن کے عمران حیدر عابدی، سٹی کمیونی کیشن کے غفران مجتبیٰ، سٹی کیبل کے محمود احمد اور ورلڈ ٹیلی کام کے چیئرمین اور سی ای او کو 9 جولائی کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔