13 اپریل ، 2012
دبئی… انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی، آسٹریلوی فاسٹ باؤلر بین ہلفنہاس اور رائن ہیرس نے کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کر لی، پاکستان کے یونس خان بیٹنگ کے شعبے میں چوتھے، باؤلنگ میں سعید اجمل بدستور دوسرے نمبر پر براجمان، عبدالرحمن ایک درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر آ گئے، آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے جس میں آسٹریلیا کے بین ہیلفن ہاس اور رائن ہیرس نے کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کر لی ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز پہلے، جیک کیلس ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے، آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک 2 درجے تنزلی کے بعد تیسرے، پاکستان کے یونس خان چوتھے، ویسٹ انڈیز کے شیو نرائن چندرپال 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں، سری لنکا کے کمار سنگاکارا چھٹے، انگلینڈ کے الیسٹر کک ساتویں، تھیلان سمارا ویرا آٹھویں، جنوبی افریقہ کے ہاشم محمود آملہ نویں اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر دسویں نمبر پر ہیں۔ باؤلنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین بدستور پہلے، پاکستان کے سعید اجمل دوسرے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تیسرے، گریم سوان چوتھے، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ پانچویں، جنوبی افریقہ کے ویرنن فلینڈر چھٹے، آسٹریلیا کے پیٹر سڈل ساتویں، بین ہیلفن ہاس آٹھویں، انگلینڈ کے سٹیورٹ براڈ نویں اور پاکستان کے عبدالرحمن ایک درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کے رائن ہیرس پانچ درجے ترقی کے بعد 16ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس دوسرے، انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ تیسرے، آسٹریلیا کے شین واٹسن چوتھے، نیوزی لینڈ کے ڈینئل ویٹوری پانچویں، انگلینڈ کے گریم سوان چھٹے، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین ساتویں، انگلینڈ کے ٹم برسنن آٹھویں، آسٹریلیا کے پیٹر سڈل نویں اور مچل جانسن دسویں نمبر پر ہیں۔