پاکستان
13 اپریل ، 2012

کراچی: لی مارکیٹ بس اسٹاپ پر فائرنگ،ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی: لی مارکیٹ بس اسٹاپ پر فائرنگ،ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی … کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں بس اسٹاپ پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز شعیب برنی کے مطابق لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے بس اسٹاپ پر کھڑے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، تاہم ایدھی ذرائع نے بتایا ہے کہ بس اسٹاپ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کے سر میں گولی لگی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق نامعلوم ملزمان مختلف عمارتوں کی چھتوں اور کھڑیوں سے فائرنگ کررہے ہیں جبکہ اس بار براہ راست بس اسٹاپ پر کھڑے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جس سے کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں سڑک سے اٹھا کر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے ایک شخص جس کے سر پر گولی لگی تھی جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپر شوٹر بیٹھے ہیں جو پولیس کو نشانہ بنارہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اتنی شدید تھی کہ انہوں نے اپنے ارد گرد سے گولیاں جاتی ہوئی محسوس کیں۔ دوسری جانب لیاری آٹھ چوک کے قریب بھی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔ لیاری میں فائرنگ کے واقعات پر قابو پانے میں پولیس اہلکار بے بس نظر آرہے ہیں مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی جاتی ہے تاہم پولیس فائرنگ کرنے والے ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ جبکہایس پی سٹی خرم واجد کے مطابق وہ نہیں جانتے کہ اب تک رینجرز اہلکار علاقے میں کیوں نہیں پہنچے، پولیس اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین چار روز سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے رد عمل میں آج صبح سے لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :