15 اپریل ، 2012
گلگت … گلگت میں دوپہر 12بجے سے شام 6بجے تک کرفیو میں وقفہ دیاگیا ہے۔کرفیومیں نرمی کے ساتھ ہی بازاروں میں خریداروں کا رش لگ گیا ہے۔ کرفیو اور شاہراہ قراقرم کی بندش کے سبب گلگت بلتستان میں خوراک اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات درپیش ہیں۔گلگت میں 3 اپریل کو کرفیو میں نافذ کیا گیا تھا۔آج دوپہر 12بجے سے شام 6بجے تک کرفیو میں وقفہ دیا گیا ہے اس دوران جیکٹ اور چادرپہننے اور دو یا دو سے زائد افراد کے ساتھ گھومنے پر پابندی عائد ہے۔ کرفیو میں نرمی کے ساتھ ہی بازاروں اور سڑکوں پر لوگوں کا رش ہے۔لوگ ضرویارت زندگی کی اشیا خرید رہے ہیں۔شہر میں پولیس اور پاک فوج کا گشت اور مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ اب تک کئی مشتبہ افراد حراست میں لئے جاچکے ہیں۔ امن و امان قائم رکھنے کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستے اور موبائل فون سروس بند ہے۔ گلگت میں کرفیو اور شاہراہ قراقرم کی بندش کی وجہ سے گلگت بلتستان میں خوراک اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات کا سامناہے۔