16 اپریل ، 2012
لاہور… واہگہ بارڈر پر نیا تجارتی گیٹ کھلنے پر سیمنٹ کی تجارت دوبارہ شروع ہو گئی ہے اور بھارتی تاجروں نے پاکستانی سیمنٹ کمپنیوں کو مال کے بھاری آرڈرز دے دئیے ہیں۔ وزارت تجارت حکام کے مطابق واہگہ بارڈرپر بذریعہ سڑک دوبارہ سیمنٹ کی برآمد کی اجازت دے دی گئی ہے اور چند روز تک ٹرکوں کے ذریعے سیمنٹ بھارت جانا شروع ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی تاجروں نے دوبارہ تجارت شروع ہونے پر پاکستانی سیمنٹ فیکٹریوں سے بوریوں میں بند اور کھلا سیمنٹ ٹرکوں پر منگوانے کے لئے آرڈرز دئیے ہیں ۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں سیمنٹ سرپلس ہے اور بھارت کو سالانہ لاکھوں ٹن برآمد سے فیکٹریوں کے بند پلانٹس دوبارہ پیداوار دینا شروع کر دیں گے۔