23 جنوری ، 2012
راولپنڈی …بے نظیر قتل کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کے عدالتی احکامات کے خلاف انکی اہلیہ صہبا مشرف کی درخواست پر ان کی لیگل ٹیم نے مزید پیروی سے انکار کرتے ہوئے وکالت نامے واپس لے لئے ہیں۔ راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج شاہد رفیق نے صہبا مشرف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکلاء فواد چودھری، نایاب حسن گردیزی اور فیصل چودھری نے مقدمہ میں مزید پیروی سے انکار کرتے ہوئے وکالت نامے واپس لے لیے۔ عدالت نے پٹیشنر صہبا مشرف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 جنوری تک نیا وکیل مقرر کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ صہبا مشرف بتائیں کہ مقدمہ میں مزید پیروی کرنا چاہتی ہیں یا نہیں۔