پاکستان
16 اپریل ، 2012

سی اے اے ڈائریکٹرز اجلاس: اے ٹی سی ملازمین کیلئے ایکس کیڈر منظور

سی اے اے ڈائریکٹرز اجلاس: اے ٹی سی ملازمین کیلئے ایکس کیڈر منظور

کراچی … سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس سی اے اے ہیڈ کوارٹر کراچی میں سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی کی زیر صدارت ہوا، جس میں ایئر ٹریفک کنٹرولز کے ملازمین کو ایکس کیڈر اور 140 فیصد ریٹنگ الاوٴنس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ سی اے اے ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ نہ ہونے پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کا گھیراوٴ کرلیا۔ صدر ایئر ٹریفک کنٹرولرز گلڈ نعیم قریشی نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایکس کیڈر ٹریفک کنٹرولرز کے مطالبات منظور کرلئے ہیں اور سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایئرٹریفک کنٹرولز کے ملازمین کو بین الااقوامی قوانین کے مطابق ایکس کیڈر کا رتبہ دینے اور 140 فیصد ریٹنگ الاوٴنس دینے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر ٹریفک کنٹرولرز 30 سال سے ایکس کیڈر کا درجہ لینے اور ریٹنگ الاوٴنس میں اضافے کا مطالبہ کررہے تھے۔ دوسری جانب سیکریٹری جنرل سی بی اے نے ملازمین کے تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ نہ ہونے پر ملک بھر کے ایئر پورٹ بند کرنے کی بھی دھمکی دی تھی۔سی بی اے یونین کی دھمکی کے بعد اے ایس ایف کمانڈوز رن وے کے اطراف تعینات کردیئے گئے ہیں اور سی اے اے انتظامیہ، آفیسرز ایسوسی ایشنز اور سی بی اے یونین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ جنرل سیکریٹری سی بی اے یونین کے مطابق سی اے اے انتظامیہ نے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور افسران کی تنخواہوں میں15 فیصد عبوری اضافے کی تجویز دی ہے۔

مزید خبریں :