23 جنوری ، 2012
لاہور … پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کی سماعت شروع کردی ہے اب پتہ چلے گا کہ آئی ایس آئی سے کس کس نے پیسے لئے اور کون اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار میں آیا ہے۔ وہ لاہور میں تحریک انصاف میں شامل ہونیوالے سابق ارکان اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ایم این اے آفتاب کھچی، اورنگ زیب کھچی، چوہدری قربان چوہان اور سابق ایم پی اے ملک اکرم بھٹی، ایوب سدھیر اور وقار عظیم شامل تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم تبدیلی لانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ منصور اعجاز میمو گیٹ الزامات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں توانہیں سیکیورٹی فراہم کرنی چاہئے۔ ان کاکہنا تھا کہ زرداری اور نوازشریف ایک ہیں اس لئت قوم نے انہیں مسترد کردیا ہے۔